ٹرمپ کا اعلان مسترد، ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہیں، علما کونسل

ٹرمپ کا اعلان مسترد، ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہیں، علما کونسل

لاہور (آئی این پی)اسرائیلی افواج کی فلسطینیوں پر بمباری قابل مذمت ہے۔پوری امت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔فلسطین کی حمایت میں ترکی میں ہونے والے اجلاس اور اعلامیہ کی پاکستان علما کونسل مکمل تائید کرتی ہے ۔قبلہ اول بیت المقدس کا تحفظ صرف فلسطینیوں نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ اسلامی ممالک داخلی اختلافات کو ختم کرکے بیت المقدس کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنا ئیں۔اکثریتی یورپی ممالک نے بھی امریکی صدر کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔آزاد فلسطینی ریاست کادارلحکومت بیت المقدس ہوگا۔مشرق وسطیٰ تنازع کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلیوں کو اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا امت مسلمہ حق نہیں دے سکتی۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اسلامی سربراہی کانفرنس بلاکر امت مسلمہ اور اسلامی ممالک میں جرأت مندانہ اور قائدانہ اقدام اٹھایا ہے۔پاکستان علماکونسل اور پاکستانی عوام کی بیت المقدس کے تحفظ کیلئے جدوجہد قابل تحسین ہے۔پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر 15دسمبر کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا جمعہ کے خطبات ’’تحفظ مسجد اقصیٰ ‘‘ کے عنوان پر دئیے جائیں گے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی زیر صدارت’’پیغام رحمۃ اللعالمینؐ ویکجہتی فلسطین کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ۔کانفرنس سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید ابوعلی ،پیر جی صاحبزادہ خالد محمود قاسمی،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی ،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا ذو الفقار احمد ، شیخ الحدیث مولانا فضل اللہ،مولانا ثناء اللہ حسینی، مولانا تنویر علوی،مولانا حلیم صدیقی ،مولانا اورنگزیب اقبال،مولانا سلطان محمود ضیاء،سید اعجاز حسین شاہ کاظمی،مولانا جمیل فاروقی،حافظ مقبول احمد ،قاری وزیر گلگتی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ٹرمپ کے فیصلے سے پوری دنیا میں مذہبی منافرت ،انتشار و بدامنی بڑھ رہی ہے۔ امریکی صدر نے اقوام متحدہ کے چارٹراور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ پاکستان علماء کونسل امریکی صدر کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے علماء ،خطباء سے اپیل کی کہ 15دسمبر کو ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کے خطبات ’’تحفظ مسجد اقصیٰ ‘‘کے عنوان پر دئیے جائیں ۔کانفرنس میں قرار داد کے ذریعے شمالی وزیر ستان میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ فلسطین کے سفیر ولید ابوعلی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصی مسلمانوں کو پکار رہی ہے۔ بیت المقدس کا مسئلہ صرف فلسطین کے مسلمانوں کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا ہے۔ پاکستان علما کونسل کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علمائمنبر ومحراب سے امریکی صدر کے فیصلے کیخلاف بھر پور آواز اٹھائیں۔ فلسطین کے سفیر نے کہا کہ فلسطین کے مسلمان پاکستانی عوام کے مؤقف اور جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ مسلم ممالک کو متحد ہوکر ٹرمپ کے فیصلے کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنا نا ہوگی۔

علما کونسل

مزید : علاقائی