مشرف کی قیادت میں اتحاد سے جے یو پی نیازی کا کوئی تعلق نہیں،سید معصوم نقوی

مشرف کی قیادت میں اتحاد سے جے یو پی نیازی کا کوئی تعلق نہیں،سید معصوم نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیڈی رپورٹر)جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے واضح کیا ہے کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ سمیت سانحہ ماڈل ٹاون کے تمام ملزمان کیفر کردار کو پہنچیں گے۔ اس حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ احتجاجی دھرنے سمیت جو بھی سرگرمیاں پاکستان عوامی تحریک ترتیب دے گی ، جے یو پی نیازی اس کی نہ صرف بھر پور حمایت کرے گی، بلکہ اس میں عملی طور پر شریک بھی ہوگی۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ جنرل پرویز مشرف کی قیادت میں تشکیل پانے والے اتحاد سے جے یو پی نیازی کا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اس میں شمولیت اختیار کی گئی ہے۔
کچھ جماعتوں سے انتخابی اتحاد کے لئے بات چیت جاری ہے۔ حالات کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ مجلس شوریٰ اور عاملہ کے اجلاس میں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ جس میں صاحبزادہ محی الدین محبوب کاظمی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ،مفتی مصطفی اشرف رضوی،پیر اختر رسول قادری، عقیل حیدر شاہ،فائز ہ نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔پیر معصوم نقوی نے کہا کہ ظالموں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ان کا اقتدار آخری سانسیں لے رہا ہے۔ کرپشن کے دلدادہ اورعوام کا خون چوسنے والے حکمران بہت جلد نااہل ہوکر جیل میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جے یو پی نیازی سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے خون کا قصاص لینے کے لئے شہدا کے ورثا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہے۔