کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں،شعیب صدیقی

کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں،شعیب صدیقی

لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور ممبر پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو برابر کا حق دیتا ہے اور پی ٹی آئی مسیحی برادری کی کرسمس کے موقع پر خوشیوں میں برابر کی شریک ہے انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم حضرت عیسیٰ ؑ کو اللہ کا پیغمبر مانتے ہیں لہذا 25دسمبر کا دن ہم سب کیلئے مقدس اور اہمیت کا حامل ہے چئیرمین سیکرٹریٹ میں کرسمس کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ ہمارے ہر قومی شعبے میں مسیحی برادری اپنا متحر ک کردار ادا کر رہی ہے اور فوج سے لے کر تعلیم تک کے میدان میں کرسچن کمیونٹی کی خدمات کسی سے کم نہیں کرسمس کے حوالے سے عمران خان سے لے کر پی ٹی آئی کے ہر کارکن تک ہم مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں اس موقع پر پی ٹی آئی کی ممبر پنجاب اسمبلی شہنیلاروتھ نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے میدان عمل میں عمران خان کے شانہ بشانہ ہو گی اور نئے پاکستان کی تشکیل میں ہر مسیحی بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا انہوں نے کہا کہ اس ملک کو لوٹنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں اور اب عوام دوبارہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے شہنیلاروتھ نے اپنے تمام ساتھیوں کی جانب سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان اور صدروسطی پنجاب عبدالعلیم خان کو کرسمس کی مبارکباد دی اور انہوں نے شعیب صدیقی اور دیگر پارٹی کارکنوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اس موقع پر تحریک انصاف اقلیتی ونگ کے رہنما ،کونسلرز اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4