چیئرمین پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی نے استعفیٰ دیدیا

چیئرمین پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی نے استعفیٰ دیدیا

لاہور(فلم رپورٹر)معروف کالم نویس، ادیب، شاعر، مدرس اور سابق سفیر عطاء الحق قاسمی نے چیئر مین پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ایک ماہ کے نوٹس دیتے ہوئے اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے عطا ء الحق قاسمی نے بتایا کہ موجودہ حالات میں پی ٹی وی بحالی ممکن نہیں تھی اس لئے میں نے اس ادارے سے علیحدگی میں ہی بہتری جانی جبکہ چیئرمین کے استعفیٰ کے بارے میں جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور مرکز عبد الحمید قاضی کا کہنا ہے کہ میری ابھی تک اس سلسلے میں عطاء الحق قاسمی سے بات نہیں ہوئی ہے وہ ایک بڑے آدمی ہیں اور ان کا وژن بھی بڑا ہے ۔پی ٹی وی لاہور مرکز کے افسر تعلقات عامہ محمد کاملین خان کا کہنا ہے کہ عطاء الحق قاسمی ابھی مستعفی نہیں ہوئے انہوں نے اپنے استعفیٰ کے حوالے سے ایک ماہ کا نوٹس دیا ہے اس دوران حالات بدل بھی سکتے ہیں اور ان کا استعفیٰ واپس بھی ہوسکتا ہے وہ ایک بہت بڑے آدمی ہیں ان کا وژن بھی بے مثال ہے۔یاد رہے کہ عطاء الحق قاسمی کو 2015ء میں اس امید کے ساتھ چیئر مین پی ٹی وی کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھاکہ وہ اس ادارہ کا تاریخی تشخص بحال کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اس سے قبل وہ بطورچیئرمین لاہور آرٹس کونسل خدمات انجام دے رہے تھے۔

مزید : صفحہ اول