غیر جانبدار تفتیش کیلئے شہباز شریف ، رانا ثناء اللہ کا استعفی ضروری ، طاہر القادری
لاہور(این این آئی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کیلئے شہباز شریف ،رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ ضروری ہے، سیاسی قائدین کو میں نے نہیں جسٹس باقر نجفی کمیشن کی ابہام سے پاک رپورٹ نے قائل کیا۔ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی طرح قوم کو جسٹس نجفی کمیشن کی رپورٹ بھی حفظ کروا دی، مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے وکلاء برادری کی مدد حاصل ہے، قاتلوں اور کرپٹ عناصر کے احتساب اور اصلاحات کے بغیر الیکشن ہوئے تو یہی قاتل ذہنیت پلٹ کر آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور آج 14دسمبر 2017 ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والے آل پاکستان وکلاء کنونشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قاتلوں کے خلاف ثبوتوں کی ملکی نظام انصاف کو ضرورت ہے ، شریف برادران کے قاتل ہونے میں ہمیں کوئی شک نہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہمیں انتخاب کے وقت پر منعقد ہونے یا التواء کا شکار ہونے سے کچھ لینا دینا نہیں، ہمیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور ان کے قصاص سے غرض ہے۔ کرپشن ، بدعنوانی ،لوٹ مار ،قتل و غارت گری کے ’’بریڈنگ گراؤنڈ ‘‘کو ختم کرنے کیلئے اس نظام کو بدلنا ہو گا۔
طاہر القادری