چوہدری برادران کل نیب میں دوبارہ طلب

چوہدری برادران کل نیب میں دوبارہ طلب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے چوہدری بردران کو 15 دسمبر کو دوبارہ طلب کرلیا ہے، پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کی تحقیقا ت کیلئے پیراگون اور آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا مکمل ریکارڈ آج جمعرات کوطلب کرلیا گیا ہے۔نیب لاہور نے مختلف مقدمات میں سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر ایک بار پھر 15 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات کھولے گئے ہیں۔ مشرف دور میں دونوں رہنماوں کے اہم سیاسی عہدوں اور دبا وکے باعث مقدمات کو بند کر دیا گیا تھا تاہم ڈی جی نیب لاہور کی ہدایت پر ان مقدمات کو دوبارہ کھولا گیا۔چوہدری برادران نے 6 نومبر کو نیب کے روبرو پیش ہوکر ناجائز اثاثوں کے ریفرنس کا الزام مسترد کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق نیب نے چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی کو 6 نومبر کو اثاثہ جات کی معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب نیب نے ہاؤ سنگ سوسائٹی میں کروڑوں کے گھپلوں کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ندیم ضیا پیرزادہ کو آج (جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن سے تمام معاہدوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

مزید : صفحہ اول