پاسنگ آؤٹ پریڈ میں برطانوی جرنیل کی شرکت اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں برطانوی جرنیل کی شرکت اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد (آن لائن )ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں برطانوی جرنیل کی بطور مہمان خصوصی شرکت کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں پرنسپل سیکرٹری ایوان صدر، سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری خارجہ کو فریق بنایا گیا ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملٹری اکیڈمی کاکول میں برطانوی جنرل کی بطور مہمان خصوصی چیلنج کیے جانے کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد ملٹری اکیڈمی کاکول کا قیام عمل میں آیا ۔پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قائد اعظم محمد علی جناح نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔بانی قوم کی طرف سے قائم کی گئی روایت کے مطابق صدر یا وزیراعظم پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ حیرانی ہے کہ آج تک پاک آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف کسی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شریک نہیں ہوئے برطانوی جنرل جو پاک آرمی کیلئے ایک ایلین ہیں انہیں بطور مہمان خصوصی بلایا گیا قانون کے مطابق کسی بھی غیر ملکی کو دفتر خارجہ کی اجازت کے بغیر سرکاری ادارے کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا طور گئی ہے کہ تمام ذمہ داران کو حکومت کی پیشگی اجازت کے بغیر غیرملکیوں سے رابطہ کرنے سے نہ صرف روکا جائے بلکہ مستقبل قریب میں ہونے والی پاسنگ آوٹ پریڈ میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو براہ راست برطانوی چیف آف آرمی اسٹاف کو بطور مہمان خصوصی بلانے سے روکا جائے ۔

مزید : صفحہ آخر