اربوں کے ترقیاتی پراجیکٹس کا اجراء کر کے محرومیوں کا خاتمہ کیا گیا:اسد قیصر

اربوں کے ترقیاتی پراجیکٹس کا اجراء کر کے محرومیوں کا خاتمہ کیا گیا:اسد قیصر

صوابی (بیورورپورٹ)سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اسلامی قانون سازی کرکے ایک جانب اسلام دوستی کا ثبوت دیا جبکہ دوسری جانب صوابی میں اربوں روپے کے ترقیاتی پراجیکٹس کا اجراء کرکے سابقہ ادوار کی محرومیت کا خاتمہ کیا ۔صوابی کو ایک خوشحال اور ماڈل ضلع بنانا ان کا مشن ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوابی کے موضعات کوٹھا اور ذروبی میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام سابقہ چھ ،سات دہائیوں کے منتخب نمائندوں کے کام ترازو کے ایک پلڑے میں رکھیں اور میرے ساڑھے چارسالہ دورکے ترقیاتی کام دوسرے پلڑے میں رکھیں تو میرے کاموں کا پلڑا بھاری ہے ۔کیونکہ سابقہ امیدواروں نے چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے تھے صوابی کو خالی خولی نعروں اور محرومیت کے سوا کچھ نہیں دیا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اسلام دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے صوبائی اسمبلی سے اسلامی قوانین پاس کئے ۔سود کے خلاف قانون پاس کرکے غیر اسلامی کا روبار کرنے والوں کیلئے دس سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزائیں تفویض کیں ۔عقیدہ ختم نبوت کو نصاب کا حصہ بنایا ۔حضرت عمرؓ کی شہادت کے دن عام تعطیل کا اعلان کیا ۔سکولوں میں ناظرہ قرآن اور ترجمہ قرآن کا نظام رائج کیا ،مسجدوں کو روشن کرنے اور نمازیوں کی سہولت کے لئے سولر سسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے ،مسجدوں کے آئمہ کر ام کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے وظائف مقرر کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے عوام سے پوچھا اسلام کی اصل خدمت تو ہم کر رہے ہیں ۔جبکہ ایم ایم اے کی حکومت کے دور میں کسی قسم کی اسلامی قانون سازی نہیں کی گئی اب یہ کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگیں گے ۔سپیکر نے کہا کہ دوسری جانب صوابی میں تعلیم ،صحت ،آبنوشی ،آبپاشی کی مدو ں میں ترقیاتی منصوبوں کے اجراء سمیت سڑکوں کا جال بچھایا جارہاہے ۔یہ منصوبے اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ضلع صوابی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرکے ضلع کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی زبردست حمایت کے باعث عمران خان آئندہ ملک کے وزیر اعظم ہوں گے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلے سے زیادہ اکثریت سے پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے اپنے پہلے دورمیں گدون کی مراعات واپس لیں اور دوسرے دور حکومت میں صوابی کے لوگوں سے پانی بھی چھین لیا جس سے ان کے روزگار کو دھچکا لگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر