طاہر القادری کے غیر آئینی اقدام کا ساتھ نہیں دیں گے، قمر زمان کائرہ
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دے رکھا تھا حکومت مہنگائی کی نئی لہر کا کیا علاج کرے گی ؟ سابق صدر آصف علی زردای نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی تھی ڈاکٹر طاہر القادری نے اگر کوئی غیر آینی اقدام کیا تو پیپلزپارٹی ان کا ساتھ نہیں دے گی ہم 15دسمبر کو ملتان میں ایک بڑا جلسہ کریں گے پنجاب میں مزید جلسے بھی ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائر ہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ مظالم کی تاریخ ہے ،امریکی صدر کے اقدام سے دنیا کا امن خراب ہوسکتا ہے ،امریکی صدر اپنا یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیں ۔ کسان دو تین سال سے سراپا احتجاج ہیں ،گنے کے کاشتکار اپنی فصل کو آگ لگا رہے ہیں ،ہم مل مافیا کی مذمت کرتے ہیں ،پنجاب حکومت کسانوں سے طے شدہ نرخ کے مطابق گنا خریدے ۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اعشاریوں کی نوید سنانے والوں کو دل کا عارضہ لاحق ہو گیا ہے ،پاکستان کی کرنسی کی قدر مسلسل کم ہوئی ہے ،درآمدات اور برآمدات کا فرق بڑھتا جا رہا ہے ۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور ہر مستقل وزیر خزانہ لگائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاہر القادری سے ملنے پرمسلم لیگ (ن)والے ہم پر بھڑک رہے ہیں ،پیپلزپارٹی نے کوئی غیر جمہوری قدم نہیں اٹھایا ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں ،سوائے دھرنے کی مخالفت کے پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی تحریک کے ساتھ رہی ہے۔طاہر القادری نے اگر غیر آینی اقدام کیا تو پیپلزپارٹی ان کا ساتھ نہیں دے گی ،ہم طاہر القادری کے ساتھ ہیں کسی کو درد ہوتا ہے تو ہو تا رہے۔ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے استعفے کے عوامی تحریک کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں ۔
قمر زمان کائرہ