مہمند ایجنسی سکولز سپورٹس فیسٹول اختتام پذیر

مہمند ایجنسی سکولز سپورٹس فیسٹول اختتام پذیر

پشاور( سپورٹس رپورٹر) مہمند ایجنسی سکولز کے مابین سپورٹس فیسٹول اختتام پذیر، گورنمنٹ ہائی سکول سبحان خوڑاور الفاروق ماڈل سکول نے میجرٹرافی اپنے نام کرلی،جس کے مہمان خصوصی مہمند رائفل203 ونگ کے کرنل علی نوازاور ایجنسی ایجوکیشن آفیسر فرید اﷲ تھے ان کے ہمراہ ایجنسی سپورٹس منیجر سعید اختر ،اساتذہ کرام ، پرنسپل اور کثیر تعداد میں کھلاڑی موجود تھیں ۔ ، محکمہ سپورٹس اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ مہمند ایجنسی کے زیراہتمام گورنمنٹ اور پرائیویٹ سکولز کے مابین سپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیاگیا جس کی اختتامی تقریب گزشتہ روز غلنئی سپورٹس سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں پرائیوٹ اورگورنمنٹ سکولوں کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے 20 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ، غلنئی سپورٹس کمپلیکس میں اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقا د کیاگیا جس میں تمام فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے اس موقع پرز رسہ کشی اور فٹبال کا فائنل بھی کھیلاگیا جس میں گورنمنٹ سکول سبحان خوڑ کی ٹیم فاتح رہی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی علی نواز نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس کے انعقاد پر زور دیا کیونکہ اس قسم کے ایونٹس سے ہم اپنے نوجوانوں کی صحیح معنومیں تربیت کرسکتے ہیں ۔جس سے ان کی ذہنی اور جسمانی نشوونما ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مہمند رائفل کی طرف سے ہر قسم کی سپورٹ اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ، اور ٹورنامنٹ کے بہترین انعقاد پر آرگنائزز کو مبارکباد پیش کی ۔ اے ای او نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی اس قسم کے جوائنٹ ایونٹس کا انعقاد ہونا چاہیے آخر میں ایجنسی سپورٹس منیجر سعید اختر نے بہترین سیکورٹی انتظامات پر مہمند رائفل (MR ) سیکورٹی فورسزاور مہمند لیویز کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت مہمند ایجنسی میں گراؤنڈز آباد ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس فاٹا و ایجنسی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ مہمند ایجنسی آئندہ بھی اس قسم کے ایونٹس کا انعقا د کرے گی ۔ آخر میں تمام فاتح کھلاڑیوں میں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے ، گورنمنٹ سکولوں میں میجر ٹرافی گورنمنٹ ہائی سکول سبحان خوڑ جبکہ پرائیوٹ سکولز میں الفاروق ماڈل سکول نے کامیابی حاصل کی ۔ پرائیویٹ سکولز مقابلوں میں کرکٹ ، فٹبال ، باسکٹ بال ، میں پہلی پوزیشن حاصل کی ، کبڈی میں اسلامیہ کیمپس، رسہ کشی میں الخیر،ایتھلیٹکس میں جی ایم ایس نے فتح حاصل کی جبکہ گورنمنٹ سکولز مقابلوں میں ہاکی ،ایتھلیٹکس میں گورنمنٹ ہائی سکولز سبخان خوڑ نے پہلی ، والی بال میں حاجی یار جان ہائی سکول، کرکٹ میں گورنمنٹ ہائی سکول ڈب کور، فٹبال اور باسکٹ بال میں غلنئی ہائی سکول بیڈمنٹن میں گورنمنٹ ہائی سکول نحقی نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر