آئندہ سال قومی عجائب گھر کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائیگا، انجینئر عامر حسن

آئندہ سال قومی عجائب گھر کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائیگا، انجینئر عامر حسن

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چین نے پاکستان میں قدیم تہذیبی مقامات، آثاراور اشیاء کو محفوظ بنانے اور ان کی دیکھ بھال کویقینی بنانے کے لئے پاکستانی ماہرین کو تربیت دینے کی پیشکش کی ہے ۔عوامی جمہوریہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے چھ رکنی وفد نے یہ پیشکش قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے دورہ کے موقع پر وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن سے ملاقات میں کی۔ ڈینگ ژیاؤلین کی قیادت میں چینی وفد کے ارکان کو مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی قیادت میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی جانب سے علم وادب کے فروغ اور تاریخ وثقافت کے شعبہ میں اقدامات اور منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔ وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ چین اور پاکستان فولادی بھائیوں کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔ یہ مثالی دوستی باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر ہرگزرتے دن کے ساتھ مزید گہری ہورہی ہے۔ مختلف شعبہ جات کی طرح علم وادب اور تاریخ وثقافت کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی سربراہی میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن نے وفاقی دارالحکومت میں قومی عجائب گھر کی تعمیر کے لئے اہم پیش رفت کی ہے اور آئندہ سال کے آغاز میں عجائب گھر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انجینئر عامر حسن نے بتایا کہ پاکستان قدیم ترین تہذیبوں کا مرکز ہے۔ اسلام کے علاوہ وادی سندھ، گندھارا، مہر گڑھ، موئنجوداڑو اورہڑپہ سمیت دنیاکی بڑی تہذیبوں اور مختلف مذاہب کے مقدس ترین مقامات پاکستان میں موجود ہیں۔ پاکستان ہر سال سکھ یاتریوں کے مذہبی تہواروں کے بہترین انتظامات کرتا ہے۔ بدھ مت کے پیروکاروں کی آمد اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کا بھی باضابطہ سلسلہ شروع ہوا ہے۔ آئین پاکستان کے تحت اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد کی مکمل آزادی ہے اور وہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے ان کے تمام حقوق کا تحفظ کیاگیا ہے۔ چینی وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے کوششوں کو سراہتے ہوئے آثارقدیمہ کو محفوظ بنانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے پاکستانی ماہرین کی چینی ماہرین کے ذریعے تربیت کی پیشکش کی تاکہ ان کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہو۔ انجینئر عامر حسن نے چینی ماہرین کی جانب سے تربیت کی پیشکش پر وفد کا شکریہ اداکیا۔ دریں اثناء وفد نے انجینئر عامر حسن کی دعوت پر 70سالہ جشن آزادی کے حوالے سے اسلام آباد میوزیم میں منعقدہ تاریخی نوادارت کی نمائش کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے فن پاروں اور مختلف تاریخی اشیاء میں گہری دلچسپی لی۔ وفد سے ملاقات کے موقع پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی ، ڈپٹی سیکریٹری نزیر احمد کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔

Back to Conversion Tool

مزید : پشاورصفحہ آخر