حکومت فاٹا اصلاحات سے پیچھے ہٹ رہی ہے ، نوید قمر
اسلام آباد(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمرنے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے دو اہم معاملات فاٹا اصلاحات اور نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین کا عرصہ دراز سے مطالبہ ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کا بل پیش کیا جس کی کاپیاں اب تک ہمارے پاس پڑی ہوئی ہیں لیکن اس کے بعد بل کو حکومت کی جانب سے اچانک غائب کر دینا یہ تاثر دے رہا ہے کہ حکومتی حلقے اس معاملے میں الجھن کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھ یا آٹھ ماہ کے عرصے میں سب سے مشاورت کے بعد ایک پیکج بنایا جس کا ایک چھوٹا سا حصہ نفاذ کے لیے لایا جا رہا ہے، جس میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانا ہے یعنی فاٹا کے عوام کو دیگر پاکستانیوں کی طرح حقوق فراہم کرنا ہے۔نوید قمر کا کہنا تھا کہ حکومت فاٹا اصلاحات سے پیچھے کیوں ہٹ رہی ہے؟ اگر حکومت کے پاس فاٹا کے حوالے سے کوئی بات ہے تو ہم اسے سننے کو تیار ہیں لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک چیز ایک ہاتھ سے دے کر دوسرے ہاتھ سے واپس لے لی جائے۔