منشیات سے بچاؤ کیلئے عوامی آگاہی مہم وقت کا تقاضا ہے‘ احسن رشید

منشیات سے بچاؤ کیلئے عوامی آگاہی مہم وقت کا تقاضا ہے‘ احسن رشید

ملتان (سٹی رپورٹر) معروف صنعتکار و چیف ایگزیکٹو حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز میاں احسن رشید نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک پاکستان نوجوان نسل کے تابناک مستقبل کیلئے بے حد ضروری ہے ، تدارک منشیات کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم وقت کا اہم تقاضا(بقیہ نمبر38صفحہ7پر )

ہے خصوصاً طلباء و طالبات کو منشیات کی وباء سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی نارکوٹکس فورس ملتان ریجن کے انچارج سید منظور حسین شاہ اور سماجی رہنما شاہد محمود انصاری سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سید منظور حسین شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف منشیات کے سوداگروں کے قلع قمع کیلئے سرگرم عمل ہے ، معاشرے کو منشیات کی وباء سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ شاہد محمود انصاری نے کہا کہ معاشرتی سطح پر عوام الناس کی آگاہی اور نوجوان نسل کو منشیات کی وباء سے بچانے کیلئے صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے تدارک منشیات کا پیغام عام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی کیلئے ہماری تبلیغی سرگرمیاں جاری ہیں آنے والے دنوں میں ہم تعلیمی اداروں میں تدارک منشیات کے حوالے سے آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینار، لیکچرز اور منشیات کے مضر اثرات کی آگاہی کے سلسلے میں سرگرمیاں شروع کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں ملتان کے تمام تعلیمی اداروں سے بھی ہماری اپیل ہے کہ وہ منشیات کی وباء کی روک تھام کیلئے اپنے اداروں کے اندر اور باہر چیک اینڈ بیلنس اور مانیٹرنگ کے عمل کو فعال کریں۔ اس موقع پر میاں احسن رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے، سماج د شمن عناصر نوجوانوں کو منشیات کی دلدل میں پھنساکر پوری قوم کا مستقبل داؤ پر لگانا چاہتے ہیں ان کی سازش کو ہم ناکام بنانے کیلئے عوامی سطح پر شعور و آگاہی کی سرگرمیوں کو سپورٹ کریں گے اس حوالے سے والدین، اساتذہ کرام اور کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندوں کو بھی اس حوالے سے اپنا قومی فریضہ سرانجام دینا ہوگا تب جاکر ہم منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں اور اسی سے ہی ہمارے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بن سکتا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر