شمالی کوریا جنگ نہیں چاہتا،اقوام متحدہ

شمالی کوریا جنگ نہیں چاہتا،اقوام متحدہ
شمالی کوریا جنگ نہیں چاہتا،اقوام متحدہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اقوام متحدہ(اے پی پی) شمالی کوریا کا چار روزہ دورہ کرنے والے اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور جیفری فیلٹمین نے کہا ہے کہ شمالی کوریاکے حکام اس بات پر متفق ہیں کہ جنگ کی نوبت نہیں آنی چاہیئے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق جیفری فیلٹمین نے شمالی کوریا کے وزیرِ خارجہ رِی یونگ ہو، نائب وزیرِ خارجہ پاک میونگ گک اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے شمالی کوریا کے حکام کو، ان کے ایٹمی اور میزائل پروگراموں سے متعلق بین الاقوامی برادری کے خدشات سے براہِ راست آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریائی حکام نے جوہری اور میزائل ترقی روکنے سے متعلق کسی قسم کی بات چیت کا عزم ظاہر نہیں کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فوجی جھڑپوں سے بچنے کے لیے اقوام متحدہ مذاکرات کا انعقاد کرا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی وزیر خارجہ بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر غیر مشروط بات چیت کے لئے تیار ہے۔