سی ٹی ڈی کا بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار قابل ستائش ہے:صوبائی وزیر داخلہ سلیم کھوسہ
کوئٹہ (آن لائن ) صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ کاونٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کی صوبہ میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار قابل ستائش ہے، آج محکمہ کاونٹر ٹیررزم کی کاوشوں اور قربانیوں کے بدولت ہی ملک اور صوبہ سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہو پایا ہے، سی ٹی ڈی نے پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق کاونٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کے آفس کے دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر داخلہ سلیم احمد کھوسہ نے سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ انتہائی محنتی،ذمہ دار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مالک آفیسر ہیں جنہوں نے محکمہ کاونٹر ٹیررزم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعالیت اور کردار میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس سے قبل صوبائی وزیر داخلہ کو محکمہ اور صوبہ میں امن و امان کے بارے بریفنگ دی گئی جس پر صوبائی وزیر داخلہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اچھی حکمرانی کے قیام، دہشت گردی اور بدعنوانی سے پاک بلوچستان کے وژن کیساتھ ہی حکومت بلوچستان کی بھاگ دوڑ سنبھالی ہے اور اس وژن کے ساتھ وہ محکموں کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، وہ بذات خود محکمہ کاونٹر ٹیررزم کی فعالیت اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔