شہبازشریف کے بطور چیئر مین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے معاملے پروزیر اعظم نے کہاہماری کسی سے دشمنی نہیں :سپیکر قومی اسمبلی کا اپوزیشن سے ملکر قانون سازی کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے شہبازشریف کوچیئرمین پی اے سی نہ بنانے پر اصرار نہیں کیا ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، قومی مفاد میں اپوزیشن کے ساتھ مل کر قانون سازی کریں گے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگوکرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہبازشریف کو چیئر مین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کئی ملاقاتیں کی گئیں جس کے بعد وزیر اعظم سے عمران خان سے ملنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم وزیر اعظم سے ملے تو ان کا کہناتھاکہ میں چاہتا ہوں کہ نظام چلے اورجمہوریت مضبوط ہواورمجھے اختیار دیدیا کہ جوچاہے فیصلہ کرلیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے شہبازشریف کو چیئر مین پی اے سی نہ بنانے پر کوئی اصرار نہیں کیا گیا لیکن یہ کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ، پارلیمنٹ میں قانون سازی ہونی چاہئے لیکن احتساب کاعمل بھی متاثر نہ ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ قانون سازی میں اپوزیشن بھی پوری طرح شریک ہواوریہ عمل یکطرفہ نہ ہو، اس لئے ہم نے چیئر مین پی اے سی کے معاملے پردرمیانی راستہ نکالا ہے ، قومی مفاد میں قانون سازی اپوزیشن کے ساتھ ملکر کریں گے ۔