پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ ملتے ساتھ ہی شہباز شریف کی مشکلات بڑھ گئیں ،نیب نے بڑا کام کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی مشکلات اور بڑھ گئیں، نیب لاہور نے ریفرنس تیار کرکے چیئرمین کو بھجوادیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ چیئرمین نیب کو بھیجے جانے والےریفرنس ڈرافٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور من پسند افراد کو نوازنے کی کوشش کی۔نیب لاہور کی جانب سے بھیجے جانے والے ریفرنس کا قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹیو بورڈ میں جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد آئندہ چند روز میں مزید ایکشن لیے جانے کا امکان ہے۔دوسری طرف چئیرمین نیب کی زیرصدارت ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں نثار کھوڑو، شرجیل میمن، پیر صابر شاہ، عبدالکریم سومر اور سردار قیصر عباس سمیت 16 افراد کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل ہی چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میگا کرپشن کیس منطقی انجام پر پہنچانا نیب کی ترجیح ہے، نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، بد عنوان عناصر کو کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے،انہوں نے نیب لاہور کو ہدایت کی کہ شہباز شریف کے خلاف ریفرنس جلد مکمل کر کے احتساب عدالت میں دائر کیا جائے۔