ڈی جی گیس میرے پاس آئیں :سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چند گھنٹے میں گیس بحران حل کرنے کی آفر کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے حکومت کی غلطی کی وجہ سے گیس کا بحران پیدا ہوا ، ڈی جی گیس میرے پاس آئیں چند گھنٹوں میں مسئلہ کاحل بتادوں گا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گیس کابحران حل ہوتا نظر نہیں آرہا ، بحران کی سزا ان کومل رہی ہے جن کا اس سے کوئی تعلق بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال گیس کا پلان کامیاب تھا ، ایل این جی فیول آج بھی سستاہے ۔ ہم نے دو ایل این جی ٹرمینل لگائے ، صنعتوں کو گیس دی ، لوڈ شیڈنگ نہیں کی ۔
انہوں نے کہا کہ گیس کا بحران حکومت کی غلطی سے پیدا ہواہے ، گزشتہ سال گیس کابحران پیدانہیںہوا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ ایل این جی کی طلب بڑھ گئی ہے ، حکومت کوایل این جی کے مزید جہاز منگوانا ہونگے ، ڈی جی گیس میرے پاس آئیں ، میں چند گھنٹوں میں مسئلے کاحل بتا دوں گا ، دسمبر سے پہلے گیس کی طلب اور رسد کا پلان دیا جاتا ہے ۔