عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے پولیس کا ہنگو میں کھلی کچہری کا انعقاد
ہنگو (بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرہنگوپیرشہاب علی شاہ نے تھانہ صدر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے توغ سرائے،محمدخواجہ،انارچینہ،کاٹگر،تری بانڈہ،چھپری توغ اورکاہی کے مشران اوربلدیاتی نمائندوں سمیت عوام کے مسائل سنے۔کھلی کچہری کے شرکاء نے اپنے مسائل و مشکلات پیش کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پرمکمل اطمینان کا اظہارکیا۔اس موقع پرڈی ایس پی ہنگوعمرحیات خان اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دوسرے عملے نے شرکت کی۔عوام نے کچہ پکہ پولیس چیک پوسٹ کی بحالی،علاقے سے منشیات کے خاتمے،تھانہ صدرکے حدودمیں فائربریگیڈگاڑی کی فراہمی اورلوکل ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سمیت دیگرمسائل بھی پیش کئے جبکہ علاقے سے جرائم کی بیخ کنی کیلئے پولیس کی بہترین کارکردگی کوسراہا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنے کہا کہ پولیس عوام کے جان ومال کا تحفظ ہرصورت یقینی بنائے گی اور اس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پولیس سماجی ومعاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے عوام کے تعاون سے پرامن فضاء کوپروان چڑھانے اورعوام کوحقیقی معنوں میں تحفظ کا احساس دلانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے.پیرشہاب علی شاہ نے کہا کہ ہنگوپولیس منشیات فروشوں کے خلاف پوری طرح متحرک ہے اورضلع سے منشیات کی لعنت کا تقریباًخاتمہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصرکوقانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کاروائیاں جاری ہیں۔ڈی پی او نے یقین دلایا کہ عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں گے اورآئی جی خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق پولیس پر ان کا اعتماد بحال کریں گے۔