گیس بندش اور کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ،اشرف بھٹی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ گیس کی بندش اور کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے کھلاڑیوں کی حکومت نے اپنے 100روزہ پلان پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا تجاوزات کی آڑ میں لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کیا جارہا ہے جو کہ قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت ہر شہری خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی حکومتوں کی ذ مے داری ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ تعلیم ، صحت ، روز گار جیسی سہولتوں کو حکومت نے عوام کی پہنچ سے بہت دور کردیا ہے ۔تبدیلی کے دعوے داروں کے دور حکومت میں بھی نہ تو عوام کو صحت کی سہولیات مل رہی ہیں اور نہ ہی تعلیم کی سہولیات میسر ہیں تبدیلی کسی بھی شعبے میں ایک خواب ہی بن کررہ گئی ہے بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ نئے پاکستان کے دعوے داروں نے عوام سے پہلے والی سہولیات کو بھی چھین لیا ہے تو یہ بھی بے جا نہ ہو گا ۔