100روزہ کاکردگی ، پنجاب حکومت کا کام کے حوالے سے خانہ خالی
تجزیہ :۔ ایثار رانا
بالآخر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی سو روزہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی ،رپورٹ میں زیادہ تر وہی تکرار ہے کہ اس نے اتنا لوٹا اس نے اتنا نقصان پہنچایا۔ اگرغیر جانبداری سے دیکھا جائے تو ان سو دنوں میں وزیر اعلیٰ کی واحد’’ اچیومنٹ‘‘ وزیر اعظم عمران خان کا ان پر بار بار اظہار اعتماد رہی۔گو میں وزیر اعظم کی جانب سے بار بار وزیر اعلیٰ کی حمایت کے اعلان کو ان کی کمزوری سمجھتا ہوں۔تاہم وزیراعظم کی اس محبت کے سوا مجھے کارکردگی کا خانہ بظاہر خالی نظر آتا ہے۔پی ٹی آئی کے وزرائے اعلیٰ کی بد ترین کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تھر میں بچوں کی بھوک سے ہلاکت ،گندے مضر پانی،قبضہ گروپوں ،چائینہ کٹنگ کی آماجگاہ ،شاپرز سے اٹے گندے گلی کوچوں اور دیہات میں وڈیروں کے ظلم و ستم کا شکار سندھ ایک سروے کے مطابق اپنی کارکردگی کے حوالے سے نمبرون ہے۔سابق خادم اعلیٰ سے سو اختلاف نہ ہم ان کے حمایتی ہیں اگر ان پر الزام ثابت ہوں تو انہیں سزا بھی ملنی چاہیے بلکہ ضرور ملنی چاہیے لیکن ان کے دشمن بھی ان کی انتھک محنت سے انکار نہیں کر سکتے کہاں یہ وقت تھا کہ وزیراعظم اپنی نااہلی کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی کامیابیوں کے پیچھے چھپاتا ہے ۔امیدوں،آس اور خوابوں کو آنکھوں میں بسائے عوام کم از کم پنجاب میں ایک انقلاب کی امید رکھتے تھے۔وفاقی حکومت کی مشکلات کو ہم سمجھتے ہیں انہیں ایک لٹے پٹے قومی خزانے کا سامنا ہے۔انہیں شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔وفاق کا سیاسی بحران بھی قابو میں نہیں آ رہا لیکن پنجاب میں تو اپوزیشن بھی ٹھنڈی ٹھار ہے اور وفاق جیسے مالی بحران کا بھی سامنا نہیں لیکن آج بھی پنجاب کے ہسپتالوں میں دکھی مخلوق ویسے ہی دن گزار رہی ہے۔گورنر پنجاب صاف پانی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن حکومتی سطح پر ایسا کوئی قدم دیکھنے میں نہیں آ رہا،بے روزگاری اپنی جگہ پنجاب میں مہنگائی کا جن دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ بے قابو ہے اور صاف ستھرا پنجاب بھی آہستہ آہستہ گندگی کا شکار ہو رہا ہے مشیر وزیر اعلیٰ چو دھری اکرم چاہے اتوار بازاروں میں سستی اشیاکی فراہمی پر دن رات ایک کر رہے ہیں اور وہ لاہور کی حد تک آئیڈیل بازار بھی قائم کرنے کے در پے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ وزیراعلیٰ بزدار کی جانب سے ابھی تک ایسی کوئی سنجیدہ کوشش سامنے نہیں آئی۔بے شک عمران خان ،وسیم اکرم اور انضما م الحق تیار کر سکتے ہیں لیکن کیا کیا جائے وہ اپنی پوری کوشش کے باوجود منصور اختر کو کامیاب کھلاڑی نہیں بنا سکے تھے ۔