توہین عدالت کیس، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو معافی مل گئی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے اینکر پرسن اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کی غیر مشروط معافی قبول کرلی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عامر لیاقت کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔عامر لیاقت عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے بتایا کہ ان کے وکیل موجود نہیں ہیں جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ اپنے وکیل کو بلائیں کیس آج ہی سنیں گے اور سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔
وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو عامر لیاقت نے ایک مرتبہ پھر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔عدالت عظمیٰ نے عامر لیاقت کی معافی قبول کرتے ہوئے اینکر پرسن کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ نمٹا دیا۔واضح رہے کہ 7 نومبر کو عامر لیاقت پر توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
عدالت کی جانب سے عائد کیے جانے والے فرد جرم کے مطابق عامر لیاقت نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، جس پر ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204 (3) کے تحت توہین عدالت عائد کی گئی تاہم تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عامر لیاقت نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت عظمیٰ نے عامر لیاقت کو 29 نومبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔