اپنی استری سے کالک ہٹانے کا آسان ترین نسخہ جانئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پیراسیٹامول کو اب تک تو ہم درد سے نجات کے لیے ہی استعمال کرتے آئے تھے لیکن اب ایک برطانوی خاتون نے اس کے ذریعے استری صاف کرنے کا ایسا طریقہ بتا دیا ہے کہ جان کر گھریلو خواتین کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہے گا جو استری کے گندے ہو جانے سے تنگ رہتی ہیں۔ دی مرر کے مطابق برطانوی علاقے سمرسیٹ کی 36سالہ رابیکا ہیرس نامی اس خاتون نے استری کے نیچے لگنے والی ضدی گرد مٹی کو پیراسیٹامول کی گولی سے صاف کرنے کا عملی مظاہرہ کیا ہے اوراس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہے۔
اس ویڈیو میں وہ استری کو پلگ میں لگا کر گرم کرتی ہے اور اسے الٹا کر گندے ہو جانے والے حصے پر ایک چمٹی کے ذریعے پیراسیٹامول کی گولی رگڑنی شروع کر دیتی ہے۔ اس عمل سے استری پرجم کر سیاہ ہو چکی گرد وغیرہ پگھلنا شروع ہو جاتی ہے اور اس سے دھواں اٹھنے لگتا ہے۔ جوں جوں یہ پگھلتی جاتی ہے، رابیکا ایک کپڑے سے اسے صاف کرتی جاتی ہے اور پہلی گولی ختم ہونے پر ایک اور گولی لے کر باقی ماندہ میل بھی صاف کر دیتی ہے۔ اس حیران کن طریقے سے استری کا داغ انتہائی آسانی کے ساتھ یوں ختم ہو جاتا ہے جیسے کبھی تھا ہی نہیں اور استری نئی جیسی چمکنے لگتی ہے۔