ورلڈ کپ ہاکی میں ٹیم کی بدترین کاکردگی ، ہیڈکوچ نے استعفیٰ دیدیا، بہتری کے لیے ہمیں ٹیم میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی:توقیر ڈار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم اس وقت دنیا میں تیسرے درجے کی ہاکی کھیل رہی ہے، اس میں بہتری کے لیے ہمیں ٹیم میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ہاکی کے کھیل پر توجہ نہیں دینی تو اسے بند کردیا جائے کیونکہ اسے بند کرنے سے کم از کم ہاکی کا یادگار ماضی لوگوں کی نظر میں ہوگا۔توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ پر جانے سے پہلے جب ہم بھیک مانگ رہے تھے اس وقت حکومت کی جانب سے پوچھا نہیں گیا، ہم ہاکی سے متعلق حکومتی رویے سے ناخوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سابق اولمپئنز نے ہاکی فیڈریشن کو ملازمت کا سینٹر بنا رکھا ہے، ہاکی کی موجودہ صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں،میں نے فیڈریشن حکام کو ورلڈ کپ سے پہلے کہا تھا کہ میں صرف ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں۔خیال رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم بھارت کے شہر بھووینشور میں جاری ورلڈ کپ میں بغیر کوئی میچ جیتے ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔قومی ٹیم کی بدترین کارکردی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔کمیشن کے سربراہ سابق اولمپیئن رشید جونیئر کو بنایا گیا تھا جبکہ منظور الحسن سینئر، شاہد علی خان اور ماجد بشیر کو بھی اس میں شامل کیا گیا تھا۔ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بنایا گیا یہ کمیشن، پاکستان ہاکی ٹیم کی شکست سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات 15 روز میں مکمل کرکے صدر کو پیش کرے گا۔یاد رہے کہ سابق اولمپئن توقیر احمد ڈار نے چند ماہ قبل بھی حکومت کی جانب سے پاکستان کے قومی کھیل پر عدم توجہی اور نا مناسب رویے پر دلبرداشتہ ہوتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قومی کھیل کے بارے میں سوچیں اور اگر ان کو یہ کھیل پسند نہیں ہے تو وہ اس گیم پرتاحیات پابندی لگا دیں۔