چیئر مین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے معاملے پر شہبازشریف اوران کی پارٹی نے بلیک میل کیا،نوازشریف جلد جیل میں ہونگے :فواد چودھری کا دعویٰ
جہلم (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ چیئر مین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے معاملے پر شہبازشریف اوران کی پارٹی نے بلیک میل کیا ،نوازشریف کے خلاف ریفرنسزآخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں ، جلد ہی میاں صاحب جیل میں ہونگے ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاہے کہ اپوزیشن غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے پارلیمانی عمل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے ، اپوزیشن کو ملکی ترقی اور امن سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ، اسمبلی میں قومی ایشوز پر بحث ہونی چاہئے لیکن قو می اسمبلی نیب کے ملزمان کااکھاڑا بن گئی ہے ، تمام ملزمان صفائیاں دینے کیلئے قومی اسمبلی کا فورم استعمال کررہے ہیں ، اپوزیشن کا ایجنڈہ صرف یہ ہے کسی طرح سے مقدمات سے جان چھڑائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کا مقصد اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ جو پیسے پچھلے دس سال میں کمائے ہیں ان کو محفوظ کرسکیں ، اس لئے وہ حکومت اورنیب پر گرج برس کر این آر او حاصل کرناچاہتے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے تمام اداروں کا بیڑا غرق کردیاہے ، اب ہم ریزہ ریزہ لیکرنیا پاکستان بنارہے ہیں، حکومت عوام سے کئے گئے وعدو ں پر قائم ہے اور دھیر ے دھیرے آگے بڑھ رہی ہے ، اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں کااحتساب بلا امتیاز ہورہاہے ، تحریک انصاف اقتدار کاحصہ نہیں رہی اس لئے اس کے ارکان کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا ، البتہ کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے جن پر الزامات ہیں وہ نیب میں جواب دے رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ شہبازشریف کو چیئر مین پی اے سی اس لئے بنایا جارہاہے کہ پارلیمان نہیں چل رہی تھی ، شہبازشریف اور ان کی پارٹی نے بلیک میل کیاہے جس کی وجہ سے شہبازشریف کو چیئر مین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ راناثنا ءاللہ کو پہلے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر گرفتار کرنا چاہئے ، یہ جو چیخ چلا رہے ہیں ان کو شہبازشریف یا سعد رفیق سے کوئی ہمدردی نہیں ہے ، ان کو پتہ ہے کہ ان کی باری بھی آنیوالی ہے ، ان کا کہناتھا کہ کوئی محکمہ ایسانہیں جس پر نواز شریف اینڈ کمپنی نے ہاتھ رکھا ہو اور وہ تباہ نہ ہوا ہو ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عوام سے کئے گئے تمام وعدے ضرور پورے کریں گے ۔تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جہاں غریب لوگوں کی رہائشگاہیں ہیں ان کو نہیں ہٹایا جائیگا لیکن کمرشل بنیادوں پر کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف ریفرنسز آخری مرحلے میں داخل ہورہے ہیں اورجلد ہی میاں صاحب جیل میں ہونگے ، ملک میں احتساب کا نظام شفاف طریقے سے چل رہاہے ۔