نئی مثال قائم ،تجاوزات کے خلاف آپریشن ،وزیراعظم عمران خان کی والدہ کی قبر کا احاطہ بھی توڑ دیا گیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران وزیراعظم عمران خان کی والدہ شوکت خانم اور دیگر عزیز و اقارب کی قبروں پر قائم تجاوزات کو مسمار کردیا گیا ۔
تفصیل کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صحافی رائے ثاقب کھرل نے میاں میر قبرستان سے ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کی والدہ شوکت خانم کی قبر ہے ،اس کے ارد گرد وزیراعظم کے خاندان کے دیگر افراد بھی مدفون ہیں ،یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ تجاوزات کے خلا ف آپریشن کے دوران اس خاندان کی قبروں کے اوپر موجود چھت بھی گرا دی گئی ہے جو ہمارے لیے سبق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں میر قبرستان میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا گیا ،کافی سارے دربار وں کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا ہے لیکن بد قسمتی سے ان درباروں کی صرف کھڑکیاں اور دروازے کاٹ کر بیچ دئیے گئے ہیں ۔ان درباروں کی دیواروں پر محکمہ اوقاف کے اجازت نامے اور اس مد میں دی جانے والی رقم سے متعلق معلومات چسپاں کی گئی ہے لیکن پھر بھی ان درباروں کو مسمار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا نام لے کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی تحریری حکم نامہ یا سٹے آرڈر تسلیم نہیں کیا جا رہا ۔تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والا عملہ تقریباً500پولیس اہلکاروں کے ساتھ میاں میر قبرستان آیا اور کہا کہ یہاں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو گا ، جب ان سے تحریری حکم نامہ مانگا گیا تو وہ بھی نہیں دکھا یا گیا ۔رائے ثاقب کھرل نے کہا کہ ابھی یہ کیس عدالتوں میں چل رہا ہے لیکن اس سے پہلے ہی آپریشن کردیا گیا ہے جس میں لوگوں کے پیاروں کی قبریں اور دربار مسمار کیے گئے ۔
رائے کھرل نے اس ویڈیو پیغام کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کی والدہ کی قبر (میاں میر قبرستان) کا احاطہ بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن میں توڑ دیا گیا۔اس سے بہتر مثال نہیں ہو سکتی قانون کی پاسداری کی لیکن کچھ عناصر اس آپریشن کی آڑ لے کر مزارات بھی مسمار کر رہے ہیں۔ان کے خلاف آپریشن کیا جانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ویڈیو دیکھیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔