اپوزیشن گھاگ کھلاڑیوں پر مشتمل ، حکومت کو اپنے ٹریک پر لے آتی ہے :ارشاد بھٹی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاہے کہ اپوزیشن گھاگ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اورحکومت کو اپنے ٹریک پر لے آتی ہے ، اتحاد بنانا ہے تو اس میں حکومت کوبھی شامل کرلیا جائے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہاکہ حکومت ہر معاملے میں اپوزیشن کے ٹریک پر آجاتی ہے ، اپوزیشن گھاگ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ، یہ جمہوریت بغیر کسی اخلاقی اقدار کے چلتی رہے گی ،میں اس جمہوریت کو نہیں مانتا جس میں کوئی شخص نیب کے زیر حراست آکر پی اے سی کا چیئر مین بنے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے درمیان 2006والا اتحاد نہیں ہوسکتا ، اگر عوامی پیسے کواستعمال کرنے پر ہی اتحاد بنانے ہیں تو اس میں حکومت کوبھی شامل کرلیا جائے تاکہ یہ اتحاد مضبوط ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ،یہ بڑے سیانے لوگ ہیں ان کو پتہ ہوتا ہے کہ کب اتحاد بنانا ہوتا ہے اورکب اتحاد توڑنا ہوتا ہے ۔