ن لیگ کودیوار سے لگانا زیادتی ،کرپش جڑسے اکھاڑنے سے ختم نہیں ہوگی :شائستہ پرویز
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز نے کہاہے کہ کرپشن جڑ سے اکھاڑنے سے ختم نہیں ہوگی، مسلم لیگ ن کودیوار سے لگانا بڑی زیادتی ہے ،ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہئے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے شائستہ پرویز نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم ہونی چاہئے تھی ، یہ ایک کالااور اندھا قانون ہے ،قاتل کاریمانڈ چودہ دن کاہوتاہے جبکہ سیاستدان کاریمانڈ نوے دن کاہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جوغلطیاں ہوئی ہیں ان سے سبق سیکھنا چاہئے اور غلطیوں کودرست کرناچاہئے ۔
ان کاکہنا تھا کہ کسی کے کہنے پر میڈیا ٹرائل شروع کرنا کسی بھی بندے کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے ، جڑ سے اکھاڑنے سے کرپشن ختم نہیں ہوگی کیونکہ کرپشن پوری دنیامیں پائی جاتی ہے ، اس کاحل ایک دوسرے پر الزام تراشیاں اور میڈیا ٹرائل کرنا نہیں ہے ، اس وقت مسلم لیگ ن کے ساتھ جوکچھ ہورہاہے کہ ایک کے بعد ایک کونشانہ بنایاجارہاہے ،ایک پارٹی کو دیوار سے لگانا زیادتی ہے ۔