پیراگون کیس میں کرپشن نظر نہیں آتی ، خواجہ سعد رفیق کو انصاف ملناچاہئے :رہنماتحریک انصاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہاہے کہ پیراگون میں کرپشن نظر نہیں آتی ،خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے میری دوستی تیس برس پرانی ہے، میں اس پر رائے نہیں دے سکتا کیونکہ معاملہ عدالت میں ہے لیکن خواجہ سعد رفیق کو انصاف ملناچاہئے۔
جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں گفتگو کرتے ہوئے ریاض فتیانہ نے کہاہے کہ کرپشن کم کرنے کیلئے پانچ ہزار کے نوٹ کوختم کردینا چاہئے ، یارلوگوں نے تو یہاں 20ہزار کے نوٹ کا بھی مشورہ دیا تھا ، ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیاہے کہ کرپشن کوجڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے ، نیب قوانین میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے اور اس کے لئے ہم اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی، کریمنل کوڈ میں تبدیلی کی ضرورت ہے ،ہونا یہ چاہئے کہ پہلے تفتیش ہو اوراگر الزام ثابت ہوجائے تو پھر گرفتاری ہونی چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق میرے ذاتی دوست ہیں ،مجھے پیراگون میں کرپشن نظر نہیں آتی ،خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے میری دوستی تیس برس پرانی ہے، میں اس پر رائے نہیں دے سکتا کیونکہ معاملہ عدالت میں ہے لیکن خواجہ سعد رفیق کو انصاف ملناچاہئے ، یہ پارٹی کی نہیں بلکہ میر ی ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں تین فیصد سیاستدانو ں باقی دیگر لوگوں کیخلاف کارروائی ہورہی ہے ۔