مسلم لیگ ن کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے :مشیر اطلاعات سندھ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر اطلاعات سندھ مر تضیٰ وہاب نے کہاہے کہ جوکچھ اب مسلم لیگ ن کے ساتھ ہورہاہے وہ زیادتی ہے لیکن اس سے قبل یہی کچھ شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم کے ساتھ بھی کیاگیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 2013سے لیکر 2018تک پیپلز پارٹی کوبھی دیوار سے لگایاگیا تھا ، جوکچھ اب مسلم لیگ ن کے ساتھ ہورہاہے وہ زیادتی ہے لیکن اس سے قبل یہی کچھ شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم کے ساتھ بھی کیاگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص کا میڈیاٹرائل کرکے عزت کا ستیاناس کردیا جاتاہے اور چھ سات سال بعد عدالت میں کچھ ثابت نہیں ہوتا تو چھ سات سال کاحساب کون دیگا ؟ انہوں نے کہا کہ تما سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرنے سے ہی مساوات نظر آئیگی بصورت دیگر سوالات اٹھتے رہیں گے ۔