معروف بھارتی بیڈ منٹن سٹار سائنا نہوال اور پی کشیپ نے انتہائی سادگی کے ساتھ شادی رچا لی
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے معروف کھرب پتی تاجر مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی مہنگی ترین شادی کے بعد ہندوستان کے 2 مشہور بیڈ منٹن سٹار سائنا نہوال اور پی کشیپ انتہائی سادگی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق بیڈ منٹن سٹار سائنا نہوال اور پی کشیپ نے انتہائی سادگی کے ساتھ حیدر آباد میں شادی کر لی ہے ،دونوں بھارتی سٹار کھلاڑیوں کی شادی کی انتہائی مختصر تقریب حیدر آباد میں منعقد ہوئی جہاں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد نے شرکت کی ۔سائنا نہوال اور پی کشیپ نے شادی دھوم دھڑکے سے کرنے کی بجائے سادگی سے کر کے سب کو حیران کر دیا ہے ۔سائنا نہوال نے شادی کے بعد اپنی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں ۔ سائنا نے ان تصویروں کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’میری زندگی کا سب سے اچھا میچ ‘‘۔واضح رہے کہ سائنا نہوال اور پی کشیپ تقریبا گذشتہ 10 سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ ریلیشن میں تھے تاہم ان دونوں نے کبھی بھی اپنے تعلقات کے حوالے ’’اقرار‘‘ نہیں کیا تھا لیکن وہ یہ ضرور اعتراف کرتے تھے کہ ہم دونوں دوست اور پریکٹس پارٹنر ہیں ۔ بیڈ منٹن کے یہ دونوں کھلاڑی اکثر سوشل میڈیا پر اپنی تصویریں شیئر کرتے تھے لیکن زیادہ تر شیئر کی گئی تصویروں میں ان کے ساتھ کوئی تیسرا بھی موجود ہوتا تھا۔یاد رہے کہ چند روز قبل ہندوستان کے امیر ترین کارباری مکیش امبانی نے اپنی بیٹی ایشا امبانی کی شادی اتنی دھوم دھام سے کی کہ اس پوری دنیا میں اس شادی کی گونج سنائی دی تھی ،مکیش امبانی نے اپنی بیٹی کی شادی پر تقریبا 14 ارب روپے پانی کی طرح بہائے دوسری طرف معروف کھلاڑیوں نے انتہائی سادگی کے ساتھ شادی کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے ۔