وزیراعظم کی ہدایت پر پشاور میں قائم شیلٹر ہوم کے لیے ہائیر پاکستان نے بڑا اعلان کردیا ،جاوید آفریدی نے قوم کو خوشخبری سنادی
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکوم پشاور میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم کردہ شیلٹر ہوم کے لیے ہائیر پاکستان نے گھریلو الیکٹرانک آلات (home appliances)عطیہ کرنے کا اعلان کردیا ۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آج پشاور میں قائم شیلٹر ہوم کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو شیلٹر ہوم میں سہولتوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی جبکہ وزیراعظم نے شیلٹر ہوم میں سہولتوں کا جائزہ لیا اور مختلف سیکشنز کا دورہ کیا۔شیلٹر ہوم کے دورے کے موقع پر وزیراعظم کے ساتھ وزیراعلیٰ محمود خان بھی موجود تھے، جبکہ شہزاد ارباب، افتخار درانی اور ضلع ناظم محمد عاصم سمیت دیگر حکام بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔
بعد ازاں معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں مستحق افرادکے لیے قائم شیلٹرز ہوم پروجیکٹ کے لیے تمام الیکٹرونکس اپلائینسز ہائیر پاکستان فراہم کرے گا۔ جاوید آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سب کو اس پراجیکٹ میں اپنا حصہ ضرور ڈالناچاہیے تاکہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ اچھا معیار زندگی حاصل کرسکیں۔