ملک میں کھاد کی کوئی قلت نہیں،حکومت گیس کی قلت پر جلد قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے:عبدالرزاق داؤد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل اور صنعت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت گیس کی قلت پر جلد از جلد قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، صنعتی یونٹس کو بلاتعطل گیس کی فراہمی جاری ہے تاکہ ملک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کسانوں کو قابل برداشت قیمت پر کھاد دستیاب ہو سکے، ملک میں کھاد کی کوئی قلت نہیں ہے اور کھاد ڈیلرز کے پاس وافر ذخیرہ موجود ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت کسی فرٹیلائزر صنعت کو بند کر رہی ہے اور نہ ہی ملک میں کھاد کی کوئی قلت ہے، کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کھاد ڈیلرز کے پاس سرپلس ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دیگر صنعتوں کو گیس کی قلت کا سامنا ہے کیونکہ سردی کے موسم کے دوران گھریلو صارفین کیلئے گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، کراچی میں گیس کے مسئلہ سے متعلق وزیراعظم نے نوٹس لیا ہے اور متعلقہ اتھارٹیز کو جلد از جلد یہ مسئلہ حل کرنے کیلئے کہا گیا ہے، وزیر پٹرولیم آج کل کراچی میں ہی ہیں اور اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ اجلاس بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سی پیک کا پہلا فیز ایک سال میں مکمل ہو گا اور اس کے بعد حکومت اس کا دائرہ کار صنعتوں، سماجی ترقی، زراعت اور ایجوکیشن تک بڑھائے گی،چین کی حکومت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور اس سلسلہ میں وزیراعظم کا گذشتہ ماہ کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جامع صنعتی پالیسی پر کام کر رہی ہے جس کو حتمی ہونے میں کچھ وقت لگے گا، ٹیکسٹائل پالیسی آئندہ چند ماہ میں فائنل ہو جائے گی جس سے ٹیکسٹائل مصنوعات سمیت کھیلوں کے سامان، انجینئرنگ مصنوعات اور چمڑے کی برآمدات میں بہتری کے امکانات روشن ہیں۔