آصف زرداری جمہوریت کی علامت اور مایوسی میں امید کی کرن ہیں:سید حسن مرتضیٰ
لاہور(ڈیلی پاکستان آنلائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ملک بھر کے عوام اَب آصف علی زرداری کی طرف دیکھ رہے ہیں کیوں کہ آصف زرداری اس مایوسی میں امید کی کرن اور جمہوریت کی علامت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی سید حسن مرتضیٰ نے کہاکہ بلاول بھٹو زداری کا یہ موقف درست ہے کہ اب آصف علی زرداری شکار کریںگے، عمران نیازی کی ناقص حکومت نے ملک کو سنگین مشکلات سے دورچار کردیاہے،عوام اب ان مشکلات سے نجات چاہتے ہیں، عوام کو علم ہے کہ آصف زرداری ہی ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ آصف علی زرداری مرد آہن ہے اور اُنہوں نے ہر مشکل کامقابلہ دلیری سے کیا ہے، تحریک انصاف میں شامل فرضی لیڈر پیپلزپارٹی سے خوف زدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام ان پر گہر اعتماد کئے ہوئے ہیں،پیپلزپارٹی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اور یہ واحد جماعت ہے جس کا مزاج عوامی ہے، جمہوریت کے خاطر قربانیاں دینے والے ہمیشہ پیپلزپارٹی میں ہی موجود رہے ہیں،وہ دوقت دور نہیں ہے جب پیپلزپارٹی اقتدار میں آئے گی اور عوام کی خدمت کرے گی۔