فرانس کیساتھ معاشی تعاون بڑھانے کے خواہشمند، پاکستان میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش ہے: عارف علوی
اسلام آباد (آئی این پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کی کافی گنجائش موجود ہے، متنازعہ شہریت (ترمیمی)ایکٹ 2019کا اعلان بھارتی سیکوالرزم کی بدنامی ہے، اس نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا۔ جمعہ کو ایوان صدر میں پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی نے صدر مملکت سے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مکمل طور پر لاک ڈا ون ہے جہاں کشمیری عوام کی تمام شہری آزادیاں معطل ہیں اور ان پر وحشیانہ تشدد، عصمت دری اور قید کی سزا دی جارہی ہے۔ کشمیری عوام کی بدترین حالت زار کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے امیدظاہر کی کہ فرانس کشمیری عوام کے دکھوں کے خاتمے میں اپنا صحیح کردار ادا کرے گا اوربھارت پرکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے پر زور دے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دو طرفہ سطح کے ساتھ ساتھ یوروپی یونین کے تناظر میں فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ پارلیمانی دوستی گروپوں سمیت دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اعلی سطح پر رابطے موجود ہیں جنہوں نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرانس کیسا تھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے اور اس کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی کافی گنجائش موجود ہے۔صدر نے کہا کہ فرانس میں ایک لاکھ پاکستانی عوام کی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کے لئے پل کا کردار اد ا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، یہ ثقافتی نمونوں سے مالا مال ہے اور فرانسیسی عوام کوان مواقع سے مستفید ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی عالمی خطرہ ہے اور پاکستان کا کاربن میں کم حصہ ہونے کے باوجود وہ زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ اس کے سنگین نتائج کو کم کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا۔
عارف علوی