شہری اینٹی کرپشن کی ایپ پربلا خوف شکایات درج کرائیں،گوہر نفیس

  شہری اینٹی کرپشن کی ایپ پربلا خوف شکایات درج کرائیں،گوہر نفیس

  

لاہور (اپنے نمائندے سے)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی طرف سے رپورٹ کرپشن موبائل ایپ کو عوام الناس میں بے پناہ پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ موبائل ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات پر اینٹی کرپشن کی جانب سے فوری ایکشن لے کر کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اینٹی کرپشن کو رپورٹ کرپشن موبائل ایپ کے افتتاح کے فوراً بعد ابتدائی دو دن میں مجموعی طور پر شہریوں کی جانب سے 102 شکایات موصول ہوئیں جن پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے شکایات کنندگان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا اور مناسب جانچ پڑتال کے بعد ان میں سے 57 شکایات کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ غیر متعلقہ اور حقائق کے برعکس موصول ہونے والی شکایات کو ابتدائی مرحلے پر خارج کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کرپشن موبائل ایپ پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو موصول ہونے والی ایک درخواست پر جس میں ایک شہری نے میونسپل کمیٹی عارف والا کی زمین پر ساجد علی نامی شخص کے ناجائز قبضہ بارے شکایت درج کروائی تھی فوراً ایکشن لیتے ہوئے اینٹی کرپشن پاکپتن نے پولیس اور تحصیل میونسپل حکام سے مل کر 80 ملین روپے مالیت کی انتہائی قیمتی 32 مرلے اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروالی۔ ڈائریکٹرجنرل اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس کی جانب سے تمام ریجنل افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ موبائل ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیں۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے اس ایپ کے حوالے سے بتایا کہ اس موبائل ایپ پر شہریوں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ شکایت درج کرواتے ہوئے اپنا نام صیغہ راز میں رکھ سکتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے کرپشن کے خلاف جاری جدوجہد کو مزید تیز کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بلاخوف رپورٹ کرپشن ایپ پر کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں۔

ایپ

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -