امن و امان کے قیام میں مدارس اور مساجد کا کردار اہم ہے،وزیر داخلہ

امن و امان کے قیام میں مدارس اور مساجد کا کردار اہم ہے،وزیر داخلہ

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)امن و امان کے قیام میں مدارس و مساجد کا کردار بہت اہم ہے، مدارس و مساجد کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے، مدارس کی وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے، یہ بات وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ایک ملاقات میں کہی، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب مکالمہ کیلئے علماء و مشائخ کو مزید جدوجہد کرنی ہو گی، عمران خان پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا چاہتے ہیں، علماء و مشائخ کو حکومت کی اس سلسلہ میں رہنمائی کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ مدارس کا وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کا معاہدہ موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے، مدارس کے طلباء بھی سکولز اور کالجز کے طلباء کی طرف اس معاشرے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ مدارس و مساجد کے ذمہ داران کو کوئی تکلیف نہ ہو، کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مدارس و مساجد کے خلاف بلا جواز و دلیل کارروائی کرے یا مدارس و مساجد کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرے، دین اسلام کی خدمت میں مدارس و مساجد کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین مسلم اور غیر مسلم کے حقوق کا تعین کر چکا ہے، کسی گروہ، جتھہ یا جماعت کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی رائے دوسروں پر طاقت کے زور پر مسلط کر ے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اسلامی ممالک سے تعلقات کو بہتر کیا ہے، ہمارے تعلقات اسلامی دنیا میں مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ آئین پاکستان کی اسلامی اور عقیدہ ختم نبوت سے متعلق دفعات کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی کوئی ان کو تبدیل کر رہا ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں مدارس و مساجد کیلئے مشکلات کم ہوئی ہیں، حکومت کی طرف سے مساجد و مدارس کے لیے مثبت معاملات پر شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کیلئے بنا ہے، حکومت مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کی طرف قدم بڑھائے، علماء و مشائخ مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کیلئے پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد و المدارس پاکستان نے پہلے بھی حکومت سے تعاون کیا ہے آئندہ بھی کرے گی۔

وزیر داخلہ

مزید :

صفحہ آخر -