اسرائیل اور بھارت مسلمانوں بارے میں ایک جیسی پالیسی پر کاربند ہیں،عاکف سعید

  اسرائیل اور بھارت مسلمانوں بارے میں ایک جیسی پالیسی پر کاربند ہیں،عاکف ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعیدنے بھارت میں شہریت سے متعلق قانون سازی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اسلام دشمن قانون سازی سے ثابت ہوگیا کہ بھارت میں آر ایس ایس کا ایجنڈا نافذ ہو چکا ہے جس کا مقصد صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت مسلمانوں کے بارے میں ایک جیسی پالیسی پر کاربند ہیں۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی خود غرضی اور ابن الوقتی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُمت پر اس مشکل ترین وقت میں بھی صرف اپنے ذاتی مفادات، کرسی اور اقتدار کے حصول کے لیے مغرب کے اسیر ہیں۔لاہور میں وکلاء کی جانب سے ہسپتال پر حملے اور توڑپھوڑ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا معاشرہ لاقانونیت کا شکار توپہلے بھی تھا لیکن اب اخلاقی لحاظ سے بھی مکمل طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے۔ جنگ کے دوران بھی ہسپتال پر حملہ کرنا اخلاقی جرم تصور کیا جاتاہے‘کہاں یہ کہ معاشرے کو قانونی راہنمائی دینے والے خودقانون شکنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپتالوں پر حملے اور توڑپھوڑ کرتے پھریں اور مریضوں کو بھی نہ بخشیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ہمارے نظام کا اصل چہرہ پورے طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس بے حس اور باطل نظام کو لپیٹ کر اس کی جگہ اُس نظام کولانے کی کوشش کی جائے جس کی بنیاد پر یہ ملک قائم ہو ا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے معاشرے کی بنیاد اسلامی فلاحی ریاست کے سنہری اصولوں پر نہیں رکھتے جن کو نافذ کرنے کے لیے پاکستان معرض وجود میں آیا تھا اس وقت تک ہم عدل پر مبنی اور اخلاقی لحاظ سے مستحکم معاشرے کی تشکیل نہیں کر سکتے۔

عاکف سعید

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -