صوبے کا تعلیمی نظام ٹھیک کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے:محمد عاطف خان
پشاور (سٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے تعلیم ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پچھلی حکومت میں بطور وزیر تعلیم صوبے کا تعلیمی نظام ٹھیک کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹیل ماڈل ہائی سکول نمبر 2 بنک روڈ مردان کی تعمیر نو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے عبدالاسلام آفریدی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ذوالفقار الملک،پرنسپل معین الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ سکول کی دوبارہ تعمیر پر 5 کروڑ 16 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے تعلیم کا معیار بلند ہوچکا ہے صوبائی حکومت صوبے بھر کے سکولوں میں چودہ سو کمپیوٹر لیب قائم کرچکی ہے۔ سینئر وزیر نے مزید بتایا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھی موثر اقدامات کی جارہی ہے۔ محکمہ سیاحت صوبے میں 4 نئے سیاحتی زونز قائم کئے جارہے ہیں۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کی ترقی پر بھی کثیر رقم خرچ کررہی ہے، سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیے تھے ان کو پورا کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تعلیم،صحت اور انفراسٹرکچر پر کثیر رقم خرچ کی جارہی ہے جن کے مثبت نتائج بر آمد ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں سے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں آخر میں سینئر صوبائی وزیر نے ڈی ای او کو ہدایت کی کہ سکولوں کے مسائل کے حوالے سے ہمیں باخبر کیا جائے تا کہ ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔