حکومت بلوچستان کے اعلیٰ سطحی وف د کا روزہ مطالعاتی دورہ مکمل

حکومت بلوچستان کے اعلیٰ سطحی وف د کا روزہ مطالعاتی دورہ مکمل

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) حکومتِ بلوچستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا سہ روزہ مطالعاتی دورہ مکمل کرلیا۔ اس دورے کے دوران انھوں نے مختلف سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے سوات ریجن کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ وفد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی، سینیئر سرکاری افسران، بین الاقوامی اداروں کے نمائندے اور غیر سرکاری تنظیموں کے ممبران شامل تھے۔ اس اعلیٰ سطحی دورے کا مقصد خیبرپختونخوا میں جاری سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا تھا اور حکومت خیبرپختونخوا کے اس کامیاب ترقیاتی پروگرام کے تجربات سے استفادہ کرنا تھا تاکہ بلوچستان میں عوامی شرکت پر مبنی دیہی ترقیاتی پروگرام (BRACE Programme) کو ان ہی اعلیٰ خطوط پر استوار کیا جاسکے۔ تین روزہ دورے کے آغاز میں وفد کے شرکاء نے صوبائی درالحکومت پشاور میں اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں اور ان سے سی ڈی ایل ڈی پروگرام کی مؤثر انجام دہی پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی انتظامیہ نے وفد کے شرکاء کو سی ڈی ایل ڈی پروگرام کی انجام دہی کے تمام امور اور پروگرام کی درجہ وار توسیع کے بارے میں بھرپور معلومات فراہم کیں۔ وفد کے ارکان نے سوات میں جاری سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ انھوں نے عوامی شراکت کے تحت جاری ان تمام ترقیاتی منصوبوں کے تکنیکی اور سماجی پہلوؤں کا بھرپور جائزہ لیا۔ وفد نے مقامی ترقیاتی تنظیموں کے نمائیندوں اور مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے سماجی گروہوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وفد کو بتایا گیا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے تحت مقامی لوگوں نے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر اپنے ترجیحی منصوبوں کو پوری کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ان منصوبوں کی انجام دہی میں مقامی لوگ نہ صرف افرادی اور مالی تعاون فراہم کرتے ہیں بلکہ ان منصوبوں کی دیکھ بھال بھی مقامی لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ وفد کے شرکاء نے اپنے دورے کو نہایت کامیاب قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور یورپین یونین کے مالی اشتراک سے جاری سی ڈی ایل ڈی پروگرام ایک منفرد اور مؤثر ترقیاتی ماڈل ہے۔ اور یہ یقینی طور پر حکومت خیبرپختونخوا کا نہایت کامیاب اور مثالی ترقیاتی پروگرام ہے۔ جس سے ملک کے تمام ترقیاتی ادارے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور اپنے صوبوں میں سی ڈی ایل ڈی ماڈل کے ذریعے پائیدار ترقی کا حصول ممکن بناسکتے ہیں۔ وفد کے شرکاء نے صوبائی حکومت اور سی ڈی ایل ڈی پروگرام کی انتظامیہ کا بھرپور شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے اتنے اعلیٰ انتظامات کے ذریعے ان کے مطالعاتی دورے کو نہایت مفید بنایا۔ انھوں نے بتایا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے وہ انہی خطوط پر بلوچستان دیہی ترقیاتی پروگرام (BRACE Programme)کی بنیاد رکھیں گے تاکہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے عمل کا آغاز ہوسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -