کرپشن سکینڈل کا 3سال بعد فیصلہ، الزام ثابت نہ ہونے پر تمام ملزم بری
ملتان (وقائع نگار‘ سٹاف رپورٹر) نیب ملتان تفتیشی نقائص کے باعث واپڈا ٹاؤ ن ہاؤسنگ کالونی کا اہم کیس ہار گیا، جج احتساب عدالت ملتان نے واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے میگا کریشن کیس میں ملوث 6 گرفتار، 4 ضمانت پر رہا اور 14 گرفتار نہ کیے جانے والے مجموعی طور پر24 ملزملزموں کو تفتیشی مراحل میں نقائص اور استغاثہ کی جانب سے الزام ثابت نہ کرنے پر مقدمہ سے بری کردیا ہے جبکہ اسی مقدمہ کے مرکزی ملزم نے جیل میں خودکشی کر لی تھی۔ نیب ملتان کے مطابق واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ کالونی میں تین ارب روپے سے زائد کے میگا کرپشن سکینڈل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ میں 24 ملزمان کو ملوث کیا گیا تھا۔جس میں 6 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، 4 ملزموں جو کہ ضمانت پر رہا ہیں جبکہ 14 ملزموں کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔ ملزموں پر 2016 میں واپڈا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی بنا کر اربوں روپے کی کرپشن کرنے کا الزام تھا۔ مذکورہ کرپشن کیس میں مرکزی ملزم سعید احمد خان نے دوران جوڈیشل ریمانڈ ڈسٹرکٹ جیل میں ہی خود کشی کرلی تھی جنھیں تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے داخل کیا گیا تاہم حالت نہ سنبھلنے پر انھیں اسلام آباد کے ہسپتا ل میں علاج کی غرض سے شفٹ کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور 15مارچ 2018ء کو انتقال کرگئے۔ کیس میں چھ ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں ہائیکورٹ نے مسترد کر دی تھیں۔جس پر انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔گرفتار ملزمان میں اللہ ڈتہ، فیصل سلیم، سلیمان صدیقی، محمد خالد، عبدالرزاق کاشف اور مرزا طلحہ بیگ شامل ہیں۔ ضمانت پر رہا ملزمان میں محمد علی ڈوگر، حافظ مسعود نواز، ناصر علی، اور محمد سلیم شامل ہیں۔ گرفتار نہ کیے جانے والے ملزمان میں ایکسئن محمد عارف، چوہدری یوسف واہلہ ممبر منیجمنٹ کمیٹی واپڈا ایمپلائز،عبدالرشید، محمد اسلم، خورشید احمد، فخر عباس، محمد اعظم، محمد ابراہیم، محمد رفیق، علی مراد،محمد نعمان، محمد جاوید اقبال، مظفر علی عباس، اور محمد حنیف شامل تھے۔ فاضل عدالت نے نیب کی جانب سے استغاثہ ثابت نہ کرسکنے کے باعث مذکورہ اہم مقدمہ کے تمام ملزمان کو مقدمہ سے بری کردیا ہے۔مذکورہ صورتحال کے پیش نظر نیب ملتان اپنا ایک اہم کیس ہار گئی ہے۔مذکورہ مقدمہ میں ملزمان کی جانب سے میاں سہیل انور ایڈووکیٹ اور حسنین رضا باروی ایڈووکیٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔ احتساب عدالت کی جانب سے واپڈا ٹاؤن کرپشن سکینڈل کے ملزموں کی باعزت بریت کے فیصلے پر میپکو ملازمین، عزیزواقارب اور رشتہ داروں نے بھرپور جشن منایا۔ عدالتی فیصلہ آتے ہی ملازمین نے بری ہونے والے یونین رہنما چوہدری خالد کو کندھوں پر اٹھالیا۔ ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی ہونے پر ملازمین کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے۔ یونین عہدیداروں اور ملازمین بری ہونے والے یونین رہنما کو جلوس کی صورت میں ان کی رہائش گاہ تک لائے۔ پرجوش یونین رہنماؤ ں اور ملازمین نے چوہدری محمد خالد کی رہائی پر مٹھائی تقسیم کی ۔ ہائیڈرو ورکرزیونین نے سابق زونل چیئرمین کی رہائی پر آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔ملک بھر سے یونین عہدیدارو نے باعزت بری ہونے پر چوہدری خالد کو مبارک باد دی ہے-