وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مزید10 ارب 56 کروڑ روپے جاری کردیئے
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کےلئے مزید 10 ارب 56 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کےلئے بڑا اقدام اٹھا لیا گیا، کے پی کے ترقیاتی منصوبوں کےلئے مزید دس ارب چھپن کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے۔
کے پی حکومت کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق فنڈز نئی پالیسی کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جاری ترقیاتی سکیم کے فنڈز دوسرے منصوبوں کو منتقل نہیں کیے جائیں گے، یہ فنڈز مختلف محکمہ جات کو جاری کیے گئے ہیں۔مجموعی طور پر پختونخوا حکومت نے 100 فی صد فنڈز 70 سے زائد پروجیکٹس کےلئے جاری کیے ہیں، بڑے منصوبوں کےلئے سالانہ بجٹ میں رقم مختص کی گئی تھی، تمام منصوبوں کےلئے 19 ارب جاری کئے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ فنڈز کی بر وقت فراہمی صوبائی حکومت کے بہتر مالی انتظامی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کے پی نے تمام زیر تکمیل منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں، تاہم دیر کی پس ماندگی کو دیکھتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں رواں ترقیاتی پروگرام میں زیادہ سکیمیں رکھی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سی اینڈ ڈبلیو، آب پاشی اور پبلک ہیلتھ کے لیے 9 ارب روپے ایک ہفتہ قبل جاری کیے گئے تھے جب کہ آج مزید 10 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔ تعلیم، صحت، جنگلات، انرجی اینڈ پاور اور معدنیات سمیت تمام اہم شعبوں کے پراجیکٹس کو فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔سپورٹس، سیاحت، امور نوجوانان اور بلدیات کے تمام فنڈز بھی ریلیز کر دیے گئے-
70 بڑے منصوبوں کے لیے 10 بلین روپے کی منظوری خیبر پختون خوا کابینہ نے مختلف اجلاسوں میں دی تھی، محکمہ ریلیف کےلئے مختص تمام رقم 2004 ملین روپے جاری کیے گئے، محکمہ کھیل کے لیے تمام 500 ملین روپے بھی جاری کر دیے گئے، شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص 4089 ملین بھی یکمشت جاری کئے گئے۔ رنگ روڈ، نیا جنرل بس سٹینڈ، اپ لفٹ پروگرام اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کے تمام فنڈز بھی جاری کیے گئے-فنڈز کی ریلیز سے تمام زیر تکمیل منصوبے بروقت مکمل کیے جاسکیں گے، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی مزید بہتری کےلئے بھی 300 ملین جاری کئے گئے ہیں۔