طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر فہیم اشرف اس وقت کدھر ہیں اور کہاں ان ایکشن ہوں گے؟ مداحوں کیلئے خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر فہیم اشرف نے فٹنس مسائل سے نجات پالی ہے اور اب وہ قائداعظم ٹرافی کے فائنل کیلئے دستیاب ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق فہیم اشرف نے گھٹنے کی انجری سے نجات پانے کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں پی سی بی میڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی ری ہیب پروگرام میں حصہ لیا اور اب وہ 27 دسمبر کو کھیلے جارہے ڈومیسٹک کرکٹ کے فائنل میں سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے کیلئے دستیاب ہیں۔
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کیلئے فہیم اشرف کا میلبورن رینیگیڈز کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا تاہم انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی غرض سے لیگ میں شرکت سے منع کر دیا گیا جس پر انہوں نے لیگ کے منتظمین اور فرنچائزڈ ٹیم کو اپنی عدم دستیابی کے حوالے سے آگاہ کردیاہے۔
ان کے ساتھ فاسٹ باﺅلر عثمان شنواری بھی بگ بیش لیگ میں شرکت نہیں کررہے،دونوں قومی کرکٹرز کی طرف سے معذرت کے بعد ان کے متبادل بھی منتخب کر لئے گئے ہیں۔ فہیم اشرف اور عثمان شنواری کا آٹھ اور پانچ میچوں کیلئے بگ بیش میں شرکت کا معاہدہ ہواتھا۔