سی سی پی او کا پولیس ہسپتال کا دورہ، طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا

سی سی پی او کا پولیس ہسپتال کا دورہ، طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا
سی سی پی او کا پولیس ہسپتال کا دورہ، طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں واقع ہسپتال کا دورہ کرکے طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا،اس موقع پرسی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس پی ہیڈ کوارٹرز سیدکرار حسین شاہ اور دیگر افسر بھی موجود تھے۔

سی سی پی او نے پولیس لائنز میں واقع ہسپتال کے تمام شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے طبی سہولتوں کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔ محکمہ صحت کی طرف سے قائم ہسپتال میں پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لئے علاج کی تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ سی سی پی او نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی اور کہا کہ ہسپتال میں مزید سہولتوں کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت سے بات کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور پولیس کے ملازمین اسی ہسپتال میں علاج کو ترجیح دیں تاکہ دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے۔ ذوالفقار حمید نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پولیس ہسپتال میں ایکسرے، لیبارٹری، وارڈز اور الٹراساﺅنڈ سمیت دیگر اہم سہولیات دستیاب ہیں۔ ہسپتال میں ادویات کی تعداد بڑھانے کے لئے ضروری فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ اس وقت ہسپتال میں ڈاکٹرز کی تعداد17 ہے جس میں اضافے کے لئے سیکرٹری ہیلتھ سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے ایس پی ہیڈکوارٹرز کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ سی ٹی او ملک لیاقت نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتال میں طبی انتظامات انتہائی قابل تعریف ہیں۔ ٹریفک وارڈنز بھی آئندہ علاج کے لئے اسی ہسپتال میں آئیں گے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور