”یاسر شاہ پر اچانک شک کرنا غیر منصفانہ بات ہے کیونکہ۔۔۔“ مشتاق احمد نے سپن باؤلنگ کوچ بنتے ہی لیگ سپنر سے متعلق دبنگ بیان دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق لیگ سپنر اور قومی کرکٹ ٹیم کے نو منتخب سپن باﺅلنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد نے ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کے مستقبل کے حوالے سے خاصے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا میں باﺅلنگ میں ناکامی کے بعد اپنی فارم ضرور واپس حاصل کر لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 33 سالہ یاسر شاہ نے دورہ آسٹریلیا کے دوران بیٹنگ کے شعبے میں سب کو حیران کیا اور سنچری بنا کر خوب داد وصول کی مگر وہ باﺅلنگ سے متاثر کرنے میں ناکام رہے تاہم مشتاق احمد اب بھی ان کے حوالے سے بہت پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ یاسر شاہ بطور ’رِسٹ سپنر‘ اپنا ’جادو‘ ضرور ڈھونڈ لیں گے، وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر استعمال نہیں کر پا رہے اور لیگ سپنر کے حوالے سے ہمیشہ ہی آپ کو صبر سے کام لینا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ” یاسر شاہ ہر گیند کرواتے وقت وہ طریقہ کار بھول جاتے ہیں جس پر عمل کرتے ہوئے وہ وکٹیں حاصل کرتے تھے۔ وہ اپنی فارم جلد از جلد بحال کرنے کیلئے بہت بے صبرے نظر آئے اور وکٹیں حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرتے رہے۔ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے بہت کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ بہت غیر منصفانہ بات ہے کہ لوگوں نے اچانک ان پر شک کرنا شروع کر دیا ہے اور انہیں بہت زیادہ حمایت بھی نہیں مل رہی۔“
مشتاق احمد نے کہا کہ ” ہمیں اپنے بہترین باﺅلر پر شک نہیں کرنا چاہئے جس نے اپنے ملک کیلئے 200 سے زائد وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ ہمارے لئے میچز جیت رہے تھے اور آپ صرف آسٹریلیا میں کارکردگی کی بنیاد پر ہی انہیں نظرانداز نہیں کر سکتے۔ بعض اوقات ، یہ فارم کی بات ہوتی ہے اور بعض اوقات وکٹوں پر کارکردگی منحصر ہوتی ہے جو آپ کو بالکل بھی مدد فراہم نہیں کرتیں، لیکن ایک اچھا باﺅلر ہمیشہ اچھا کھلاڑی ہی رہتا ہے۔“