وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺپر حاضری

وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺپر حاضری
وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺپر حاضری

  



ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منو رہ پہنچ کر روضہ رسول ﷺپر حاضری دی اور نوافل ادا کیے ۔اس سے قبل وزیراعظم سعودی عرب کے دارا لحکومت ریاض پہنچے جہاںرائل ٹرمینل پر ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے استقبال کیا۔ سعودی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیر اعظم کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے۔مدینہ منورہ میں وزیر اعظم رائل ٹرمینل پر پہنچے تو ڈپٹی گورنر وھیب السہلی اور پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے ان کا استقبال کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔بعد ازاں عمران خان سعودی قیادت سے ملاقات میںدو طرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایک روزہ دورے پر وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان باہمی تعاون اور خطے کی صورت حال پر مشاورت ہو گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سعودی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران ملائیشیا میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے متعلق امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

مزید : قومی