آصف زرداری کو عدلیہ نے ریلیف دیا،وفاق کی نا اہل حکومت کا گھر جانا ضروری ہوگیا:مولا بخش چانڈیو
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمامولا بخش چانڈیو نے کہاہےکہ وفاقی وزراء کے جاہلانہ بیانات نے عدلیہ کے وقار کو مجروح کیا، وفاق کی نا اہل حکومت کا گھر جانا ضروری ہوگیا ہے، پیپلزپارٹی مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے وجود میں لائی گئی تھی۔
نجی ٹی وی کےمطابق سابق صدر آصف زرداری کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں معیشت اہم ہوتی ہے لیکن پاکستان کےمعاشی حالات نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت خراب ہیں،ماضی میں بھی خراب حالات میں محترمہ بے نظیر بھٹو نےملک کوسنبھالادیا تھا،اب بھی اِن حالات میں پیپلزپارٹی بہتر پرفارم کرسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو عدلیہ نے ریلیف دیا ہے،اِس میں کوئی ڈیل ہوئی نہ ڈھیل ، ہم نے کسی کو دھوکہ دیکرآزادی حاصل نہیں کی،وفاقی وزراء کے جاہلانہ بیانات نے عدلیہ کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ ایک سوال پر اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک نہیں کئی فارورڈ بلاک بنیں گے۔