مارشل آرٹس راشد نسیم کا نیا کارنامہ، 63عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)کراچی سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹس فائٹر راشد نسیم نے ایک اور عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے مجموعی طور پر 63 عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔گنیز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کے موقع پر بنایا گیا ایک اور ورلڈ ریکارڈ منظور ہو گیا، راشد نسیم کا سال2020 میں پاکستان کے لیے 19 واں ریکارڈ بن گیا جس کے بعد کل ریکارڈز کی تعداد 63 ہو گئی۔انھوں نے 63واں عالمی ریکارڈ 3 منٹ میں 10 کلو وزن کے ساتھ 131 ککس مار کر بنایا، گنیز انتظامیہ کی شرط کم سے کم 100 ککس مارنا تھی،راشد نسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لئے ورلڈ ریکارڈز کی سنچری کرنا چاہتا ہوں مزید کہا کہ میں نے جب بھی پاکستان کا نام روشن کیا مجھے اس قدر خوشی محسوس ہوتی ہے کہ میں بیا ن نہیں کرسکتا اور اسی طرح میں مستقبل میں بھی اسی طرح سے نئے ریکارڈ قائم کرتا رہوں گا راشد نسیم نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑی پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔