نائیجریامیں سکول پر حملہ، 400سے زائد بچے لاپتا، حملہ آور اغواء کرکے لے گئے: عینی شاہدین 

  نائیجریامیں سکول پر حملہ، 400سے زائد بچے لاپتا، حملہ آور اغواء کرکے لے گئے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ابوجا(آن لائن) نائیجریا میں سکول پر حملے کے بعد 400 سے زائد طالب علم لاپتا ہوگئے ہیں جن کے اغوا ہونے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے شمال مغربی صوبے کتسینا میں واقع سکول پر ایک بڑے گروہ نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں کے پاس خود کار اسلحہ تھا۔مقامی پولیس سربراہ کے مطابق حملہ آوروں اور پولیس کے ما بین فائرنگ میں بعض طلبہ کوسکول سے فرار ہونے کا موقعہ مل گیا۔ سکول میں طلبا کی مجموعی تعداد 600 بتائی جاتی ہے جن میں سے صرف 200 کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکی ہے۔حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس، فوج اور نائجیرین فضائیہ سکول حکام کیساتھ رابطے میں ہے اور لاپتا یا اغوا ہونیوالے طالب علموں کے بارے میں معلو ما ت جمع کی جارہی ہے۔خبر رساں اداروں سے بات کرتے ہوئے بعض مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے حملہ آوروں کو اپنے ساتھ کچھ بچو ں کے لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔نائیجیریا میں اس سے قبل اپریل 2014 میں ایسا ہی ایک ہولناک واقع پیش آیا تھا جب شدت پسند گر و پ بوکو حرام نے چیبوک میں بچیوں کے ایک سکول پر حملہ کرکے 246 طالبات کو اغوا کرلیا تھا۔ ان میں سے 100 بچیاں آج تک لاپتا ہیں۔اس حالیہ حملے کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ شمال مغربی نائیجریا میں متحریک جرائم پیشہ ڈکیٹ گروپوں میں سے کسی کا کام ہے۔ یہ گروہ بڑے پیمانے پر اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں۔

مزید :

علاقائی -