سندھ حکومت کا ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر کا فیصلہ
کراچی(آئی این پی) سندھ حکومت نے شہر قائد میں ٹریفک مسائل کوحل کرنے کیلئے ملیرایکسپریس وے کی تعمیرکا فیصلہ کر لیا، کورنگی کریک سے شروع ہونے والا چالیس کلومیٹر طویل ایکسپریس وے سپر ہائی کاٹھور پرختم ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق طویل عرصے سے زیرغورکراچی کے بڑے منصوبے ملیر ایکسپریس وے کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ حکومت سندھ رواں ماہ کورنگی کریک سے سپر ہائی وے کاٹھور تک چالیس کلو میٹر طویل منصوبے پر کام کا آغاز کرے گی، بلاول بھٹوزرداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ملیر ایکسپریس وے کو ہر گزرتے دن شہر میں بڑھنے والے ٹریفک مسائل کا بڑا حل کہا جارہا ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے مطابق یہ منصوبہ شہر قائد کے لوگوں کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے تحفہ ہوگا۔ شہر میں بنائے جانے والے نئے ایکسپریس وے کو ملیر ندی کے بائیں کنارے پر تعمیر کیا جائے گا۔ ہائی اسپیڈ ٹول ایکسپریس وے منصوبے کا اسپیڈ ڈیزائن سو کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ انٹرچینج پر اسپیڈ پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ چھ لین تعمیر کی جائیں گی جوکہ تین فٹ ڈوئل کیرج وے ہوگا۔ ملیر ایکسپریس وے کا کورنگی روڈ ڈی ایچ اے کریک ایونیو سے شروع ہوکر جام صادق پل، شاہ فیصل کالونی روڈ اور فیوچر کالونی سے کاٹھورتک جائے گا جہاں پیدل چلنے والوں کیلئے 9 کراسنگ مقامات ہوں گے۔